کچھی بولان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے،سردار یار محمد رند

بولان(ڈیلی گرین گوادر)سینئر سیاستدان رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کچھی بولان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے انتظامیہ قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ یہ بات انہوں نے شوران ہاؤس ڈھاڈر میں قبائلی عمائدین،علاقہ معتبرین کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ سے ضلع کچھی چوروں ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے کسی کی عزت نفس محفوظ نہیں آئے روز چوری اور ڈکیتی کے وارداتوں نے لوگوں کا جینا محال کر رکھا ہے جس سے لوگوں میں تشویش اور خوف وہراس پایا جاتا ہے ضلع کو معاشی طاقت بنانے کیلئے قیام امن ناگزیر ہے جس کیلئے ہر طبقہ فکر کو اپنا کردار ادا کرناہوگا اور علاقائی عمائدین چوروں کی نشاندہی فوری طور پر پولیس اور انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ انتظامیہ انکے خلاف گھیرا تنگ کرے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی چوروں کی سرپرستی کرنے والوں نے علاقے کے امن کو داؤ پر لگا کر چوری ڈکیتی کو سود مند کروبار بنایا لیکن ہمارے سیاسی و قبائلی اثر رسوخ نے ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا اور کچھی کو امن کا گہوارہ بنایا لیکن ایک مرتبہ پھر ایک منظم سازش کے تحت کچھی،ڈھاڈر،بھاگ اور بالا ناڑی سمیت پورے ضلع میں چور ڈاکو پھر سے متحرک ہوگئے ہیں جنکی بیخ کنی لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈھاڈر میں سوئی گیس بحرانی کیفیت کے بارے میں جی ایم سے بات کرکے عوامی تحفظات سے آگاہ کیا جائیگا تاکہ گیس بحران کا کوئی مستقل حل نکل آسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے