جیل خانہ جات کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، ایپکا جیل خانہ جات یونٹ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایپکا جیل خانہ جات یونٹ کے بیان میں کہا کہ عرصہ10سال سے محکمہ جیل کے ملازمین ہر حکومت سے اپنے مسائل کے حل کامطالبہ کرتے رہے ہیں لیکن آج تک حکام بالا نے اس اٹیچ محکمہ کے مسائل کو سننے اور ان پر ہمدردانہ غور کی زحمت نہیں کی جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ جیل خانہ جات کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ جیل کے ملازمین کا انتہائی کم تنخواہوں میں اس کمر توڑ مہنگائی میں گزربسر بہت مشکل ہوگیا ہے اور ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سالوں سے زیر التوا ڈیلی الاونس جوکہ تمام ملازمین کی دیرینہ مطالبہ ہے موجودہ صوبائی حکومت نے آج تک اس مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا ہے ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر جیل ملازمین کو پولیس اور لیویز ملازمین کی طرز پر موجود ہ حکومت نے ڈیلی الاونس نہیں دیا اور اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے تو ہم احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام ترزمہ داری صوبائی حکومت اور محکمہ کے افسران پر عائد ہوگی۔