پروفیسرز باشعور ہیں انہیں یکجہتی کے خالی خولی نعروں سے گمراہ نہیں کیا جاسکتا،پروفیسر آغا زاہد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (پروگریسیو) کے رہنماؤں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز گورنمنٹ بوائز کالج کانک، بوائز کالج مستونگ اور گرلز کالج مستونگ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بی پی ایل اے انتخابات میں پروگریسیو پینل کی جانب سے امیدوار برائے صدر پروفیسر آغا زاہد، جنرل سیکرٹری کے امیدوار پروفیسر یاسین بلوچ، پروفیسر نصیب اللہ،عبدالقدوس کاکڑ، پروفیسر شمس اللہ،امیدوار برائے نائب صدارت (خواتین)پروفیسر ہما گل، جوائنٹ سیکرٹری خواتین کی امیدوار ماہین شیر و دیگر نے کانک و مستونگ بوائز و گرلز کالجز کے پروفیسرز سے ملاقات کرکے انہیں پروگریسیو پینل کے منشور، ترجیحات و اہداف سے متعلق آگہی دی اور کالج اساتذہ کے پوچھے سوالات کے جواب دیئے۔ کالج پروفیسرز نے پروگریسیو پینل کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر آغا زاہد و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بالخصوص کالجز، ہائیر و ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حکام کی ذرا سی دلچسپی او ر عملی اقدامات سے کالج اساتذہ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں لیکن متعلقہ حکام تبھی ان مسائل میں دلچسپی لیں گے جب یہ مسائل ان کے سامنے اجاگر ہوں بدقسمتی سے بی پی ایل اے نے بطور تنظیم بہت کم فعالیت دکھائی ہے پروگریسیو پینل کے دو سال کے مختصر عرصے کو چھوڑ کر مجموعی طور پر کالج اساتذہ کے مسائل اجاگر ہی نہیں ہوئے تو یہ حل کیسے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر پروپیگنڈے کا سہارا لے کر اپنا پرانا چورن بیچنا چاہتے ہیں پروفیسرز باشعور ہیں انہیں لفاظی دعوؤں اور یکجہتی کے خالی خولی نعروں سے گمراہ نہیں کیا جاسکتا جو لوگ دو سال تک کالج اساتذہ مینڈیٹ سے ذاتی کام نکلواتے رہے ان کی شکست نوشتہ دیوار ہے انہوں نے کہا کہ پروگریسیو پینل کا منشور پروفیسرز کے اجتماعی مسائل اورکالج سائیڈ ایجوکیشن کی فعالیت و استحکام کا آئینہ دار ہے ہم پروفیسرز جدوجہد کا تسلسل چاہتے ہیں انتخابات میں پروگریسیو شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور کسی بھی مرحلے پر پروفیسر برادری کو مایوس نہیں کرے گی۔بی پی ایل اے الیکشن2022ء کے سلسلے میں پروگریسیو پینل کی انتخابی مہم کا سلسلہ جاری ہے جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں 7نومبر کو منگچر، قلات، سوراب، 8نومبر کو خضدار، بیلہ،9نومبر کو حب، وندر، اورماڑہ، 10نومبر کو پسنی اور گوادر،11نومبر کو تربت اور ہوشاب،جبکہ12نومبر کوپنجگورگرلز وبوائز کالجز کے دورے کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے