صوبائی حکومت صوبے کے تعلیمی اداروں میں فوری طور پر لائبریریوں کا قیام عمل میں لائے،بی ایس او پجار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بی ایس او پجار کے مرکزی سیکرٹری اطالعات نعیم بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے تعلیمی اداروں میں فوری طور پر لائبریریوں کا قیام عمل میں لائے اور شہر میں قائم نجی لائبیریوں کی سرپرستی کی جائے تاکہ طلباء ان لائبریریوں سے استفادہ حاصل کرسکیں،صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلباء وطالبات کی فیس معاف کی جائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو علی بلوچ، اسد خان کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان کے مختلف اضلاع کے طلباء و طالبات تعلیم حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں لیکن انہیں کالج،یونیورسٹی سے فارغ ہوکر کسی لائبریری میں بیٹھ کر پڑھنے کی ضرورت ہے لیکن صوبے میں لائبریریاں نہ ہونے کی وجہ سے طلباء و طالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ صوبے میں قائم نجی لائبریریوں سرکاری سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے بند ہونے کے قریب ہیں صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم ان لائبریریوں کی سرپرستی کرے اور صوبے میں مزید لائبریریاں قائم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے طلباء بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور سینکڑوں طلباء و طالبات نے تعلیم کو خیر باد کہہ دیا ہے حکومت متاثرہ علاقوں کے طلباء و طالبات کی فیسیں معاف کرنے کا اعلان کرے تاکہ غریب طلباء و طالبات اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی اسوقت مسائل کا گڑھ بن چکی ہے جس کی وجہ سے وہاں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو بہت سی مشکلات درپیش ہیں حکومت یونیورسٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے