اعظم سواتی کو محفوظ رہائش میں نے فراہم کی،اُن کے انکشاف سے دلی رنج اورتکلیف پہنچی،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پرمشتمل کمیٹی بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں محفوظ رہائش میں نے ہی فراہم کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پرمشتمل کمیٹی بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے، کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لیکر رپورٹ مرتب کرے گی، اور پھر اسے ایوان میں پیش کرے گی۔

چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے،اُن کے انکشاف سے دلی رنج اورتکلیف پہنچی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں، انہیں کوئٹہ بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش میں نے ہی فراہم کی، تمام سینیٹرز بلا تفریق قابل احترام اور خاندان کے مانند ہیں، جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بطورمسلمان و بلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں،سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت ممبر ہیں،انکی تکالیف کا ادراک ہے، اُن کی اہلیہ میرے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہیں اور اُن سے میرے خاندانی تعلقات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے