آنے والے عام انتخابات میں بلوچستان سے مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ+لندن(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ آنے والے عام انتخابات میں بلوچستان سے مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی،پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حملے کی تحقیقات کے بغیر الزام وفاقی حکومت اور اہم سیکورٹی ادارے کے افسر پر لگاکر ملک کو انتشار کی جانب لے جانا چاہتی ہے پنجاب میں لانگ مارچ کو سیکورٹی فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ذمہ داری تھی جس میں وہ بری طرح ناکام رہی۔ یہ بات انہوں نے لندن میں سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بلوچستان میں عام انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی شروع ہوچکی ہے اور جلد ہی بلوچستان میں اہم شخصیات مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور آنے والی حکومت مسلم لیگ(ن) کی ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیرآباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر حملہ قابل مذمت ہے جس کی تمام سیاسی جماعتوں نے مذمت کی ہے لیکن پی ٹی آئی نے بغیر تحقیقات کے الزام وفاقی حکومت اور اہم سیکورٹی ادارے کے افسر پر براہ راست لگایا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی اوراسکی اتحادی (ق) لیگ کی حکومت ہے لانگ مارچ کو تحفظ فراہم کرنا پنجاب حکومت اور پولیس کی ذمہ داری تھی جس میں وہ مکمل طور پر ناکام رہے ہیں اب وہ وفاقی حکومت پر الزام لگاکر خود بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اوراسکی قیادت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انتشار پھیلانے کی مذموم سازش کررہی ہے لیکن عوام اب باشعورہوچکے ہیں انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے