اراکین اسمبلی کے فنڈز میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے جلد از جلد اجراء یقینی بنایا جائے،محمد اسلم بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملہ قابل مذمت ہے وفاقی حکومت ملزمان کی گرفتاری کے لئے پنجاب حکومت کی مکمل معاونت کرے، وزیراعظم شہباز شریف وہ واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کی ہدایت کی ہے،اراکین اسمبلی کے فنڈز میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے جلد از جلد اجراء یقینی بنایا جائے۔یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت واقعہ کی تحقیقات کے لئے پنجا ب حکومت کی مکمل معاونت کرے تاکہ واقعہ کے اصل ملزمان تک پہنچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے حسب روایت اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں کے لئے ترقیاتی فنڈز منظور کئے وزیراعظم میاں شہباز شریف و ہ واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کے لئے فنڈز کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز سے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں کابینہ نے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے لیکن وزارت خزانہ میں یہ پیسے روکے گئے ہیں اور تاحا ل فنڈز کی ریلیز پر عملدآمد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مالی سال کے اختتام میں اب چھ ماہ رہ گئے ہیں جون سے پہلے فنڈز خرچ کرنے ہوتے ہیں فنڈز جاری ہونے کے لئے کم و بیش دو ماہ درکار ہیں اس کے بعد ٹینڈر ہونگے مارچ میں یہ فنڈز دوبارہ سرینڈر ہونے کی جانب جائیں گے جس کی وجہ سے کسی بھی رکن قومی اسمبلی کا کوئی کام نہیں ہوا لہذ ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کااجراء یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم نے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے تو وزرات خزانہ فنڈز کیوں ریلیز نہیں کر رہی صرف کاغذات آگے پیچھے کئے جارہے ہیں لہذا اسپیکر قومی اسمبلی وزرات خزانہ کو پابند کریں کہ وہ فنڈز کے اجراء کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل توثیق کے لئے صدر مملکت کو بھجوایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے