عمران خان پر حملے کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے،قاسم سوری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے،عمران خان کو مارنے کی کوشش کی گئی ہے اس منصوبے کو بنانے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے، چیف جسٹس پاکستان اس واقعہ کا نوٹس لیں،عمران خان پر حملے میں وہی قوتیں ملوث ہیں جو آج امریکہ کے تلوے چاٹ رہی ہیں،عوام سمجھ چکی ہے ان مہروں کو بھی اور انکو چلانے والے عناصر کو بھی۔یہ بات انہوں نے جمعرات کی شب کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سابق گورنر سید ظہور آغا، ڈاکٹر منیر بلوچ، نوابزادہ شریف جوگیزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ آج پاکستان میں مارشل لاء سے بھی بدترین دور گزر رہا ہے، جس طرح ایک سائفر کے تحت حکومت کو ہٹایا گیا سب کے سامنے ہے، ہمارے سینیٹر اعظم سواتی کو ننگا کیا گیا سواتی کو کہا گیا کہ جاکر عمران خان کو بتانا۔قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں کو ملک چھوڑ کر جانے پر مجبور کیا جارہا ہے، ارشد شریف کو کس طرح قتل کیا گیا سب کے سامنے ہے، قاسم سوری نے کہا کہ پورا ملک عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، عمران خان کے حکم پر لانگ مارچ جاری رہے گا، قاسم سوری نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کے پیچھے 22 قتل کرنیوالا وزیر داخلہ اور اس کی سوچ ہے، یہ وہی قوتیں ہیں جو آج امریکہ کے تلوے چاٹ رہے ہیں، قاسم سوری نے کہا کہ یہ قوم اب جاگ چکی ہے عمران خان نے خوف کے بت توڑ دئیے ہیں، قاسم سوری اتنی جلدی حملہ اور کا بیان سامنے آنا مزید مشکوک ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے غصے کو صرف عمران خان نے قابو کر رکھا ہے، جو لوگ دن میں 14 پریس کانفرنس کر رہے تھے سب کو پتہ ہے کون دھمکیاں دے رہا تھا۔قاسم خان سوری نے کہا کہ عمران خان نے قوم مذہب مسلک سے آزاد ہوکر سب کو پاکستان کیلئے یکجا کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آج مارنے تک پہنچ چکے ہیں اس منصوبے کو بنانے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے، چیف جسٹس پاکستان اس واقعہ کا نوٹس لیں، انہوں نے کہا کہ عوام سمجھ چکی ہے ان مہروں کو بھی اور انکو چلانے والے عناصر کو بھی