مستونگ میں عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار، انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے میں مصروف،عوامی حلقوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
مستونگ(ڈیلی گرین گوادر)ضلع مستونگ کے مختلف علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار،درجنوں نام نہاد ڈاکٹرز انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے میں مصروف، پوچھنے والا کوئی نہیں، محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹر نے بھی چپ سادھ لی ہے، عوامی حلقوں کا کمشنر و ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ضلع مستونگ شہر کے علاوہ تحصیل دشت تحصیل کردگاہ تحصیل کھڈکوچہ، مستونگروڈ، سنگر، درینگڑھ سمیت مختلف علاقوں اور قومی شاہراہوں پر واقع ہوٹلز، لنک روڈز اور کلیوں میں جگہ جگہ نام نہاد عطائی ڈاکٹروں نے کلینک کھول کر بلاخوف و خطر لوگوں کو ہر قسم کی مرض کے لیے علاج کرنے میں مصروف ہے۔واضع رہے کہ اکثر مڈل و میٹرک پاس اور نان کوالیفائیڈ لوگوں نے اپنی خودساختہ کلینکس قائم کر کے نہ صرف غیر معیاری کمپنیوں کے سستے اور مضہر صحت ادویات کو دگنی قیمت پر فروخت کر کے سادہ لوح لوگوں کو لوٹ رہے ہیں بلکہ جن میں سے اکثریت ہر قسم کی بیماریوں کا علاج کرنے میں بھی مصروف ہے۔عطائی ڈاکٹروں کی خود ساختہ علاج و معالجہ اور سادہ لوح مریضوں پر تجربے نے اب تک کئی قیمتی انسانی زندگیوں کی چراغ گل کرنے کی سبب بننے کے ساتھ کئی زندگی بھر کے لئے معزور ہو چکے ہیں اور یہاں یہ بھی امر قابل ذکر ہے کہ ڈرگ انسپکٹر کی ٹیم مزکورہ خود ساختہ کلینکس کی چیکنگ کے لئے جب بھی ضلع مستونگ پہنچتی ہے تو عطائی ڈاکٹرز کو متعلقہ ذمہ داران برق رفتاری کے ساتھ اطلاع کر دیتے ہیں اس طرح عطائی ڈاکٹرز اپنی کلینکس کے دروازے بند کرکے زیر زمین چلے جاتے ہیں دوسری جانب رواں سال اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے کاروائی کی گئی اور کاروائی کے دوران متعدد بار سیل کئے گئے کلینکس چند دنوں بعد دوبارہ کھل جاتے ہیں اور عطائیوں نے دیدہ دلیری کے ساتھ مریضوں کی صحت سے کھیل کر اپنی کاروبار چلا رہے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے ضلع بھر میں درجنوں ایسے عطائی ڈاکٹرز ہیں جو یا تو ڈسپینسر ہے یا اس حساس شعبہ سے انکا کبھی تعلق ہی نہیں رہا ہے۔ ایسی کالی بھیڑیوں کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جائے جو چند پیسوں کی عیوض عوام الناس کی جمع پونجی بٹورکرانہیں موت کے منہ میں دھکیل رہی ہی کیونکہ مسیحاؤں کے روپ میں قصابوں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کیسے دی جاتی ہے۔ ان انسان دشمنوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر مستونگ یاسر اقبال دشتی اپیل کی ہے کہ خودساختہ کلینکس و عطائی ڈاکٹروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔