حکومت فوری طورپرٹائم سکیل کی بحالی کویقینی بنائے ، پروفیسر آغازاہد

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (پروگریسیو) نے ٹائم سکیل کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹائم سکیل کی بندش کے نوٹیفکیشن کو ہم نہیں مانتے، حکومت فوری طور پر ٹائم سکیل کی بحالی کو یقینی بنائے، نئے آنے والے لیکچررز کو ان کے جائز حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، 2019ء کے بعد آنے والے لیکچررز بھی انہی مراعات کے حقدار ہیں جو مراعات 2019ء سے پہلے آنے والے کالج اساتذہ کو حاصل ہیں،نہ صرف ٹائم سکیل بندش کے نوٹیفکیشن کی واپسی بلکہ کالج اساتذہ کے لئے ہاؤس ریکوزیشن و یوٹیلیٹی الاؤنس، فائر ٹائرپروموشن پالیسی، ون سٹیپ اپ گریڈیشن، ہائیر ایجوکیشن الاؤنس وہیلتھ کارڈ کے اجراء، گریڈ20کے ریگولر اور ٹائم سکیل پروفیسرز کے لئے ڈی آر اے الاؤنس، فزیکل ایجوکیشن و لائبریرین کے لئے سروس سٹرکچر، ملکی و بیرون ملک سکالرشپ و تربیتی کورسز، کوئٹہ میں پروفیسرز گیسٹ ہاؤس کے قیام، ہر کالج میں رہائشی کالونی و بیچلر لاج کی تعمیر و مرمت اور یکساں تنخواہوں کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کااظہار بی پی ایل اے انتخابات میں پروگریسیو پینل کے صدارتی امیدوار پروفیسر آغا زاہد و دیگر نے گورنمنٹ ڈگری کالج لورالائی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب اور پروفیسرز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی پی ایل اے پروگریسیو کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز لورالائی، سنجاوی، دکی اور ہرنائی کے بوائز وگرلز کالجز کے دورے کئے پروفیسر آغا زاہد و پروگریسیو کے دیگر امیدواروں نے کالج اساتذہ سے تفصیلی نشستوں میں ان کے اٹھائے گئے سوالات اور نکات کا مرحلہ وار جواب دیا اور کالج اساتذہ کو پروگریسیو پینل کے منشور سے متعلق آگہی دی گئی اس موقع پر بی پی ایل اے انتخابات میں پرگریسیو پینل کے صدارتی امیدوار پروفیسر آغا زاہد و دیگر مقررین کا خطاب اور بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کالج اساتذہ مثالی اور کلیدی کردار ادا کررہے ہیں لیکن حکومت او رمحکمے کی جانب سے ان کے بنیادی مسائل حل نہیں ہورہے اس وقت بھی بلوچستان کے کالج اساتذہ انتہائی مشکل اور نامساعد حالات کے باوجود اپنی خدمات بہترین انداز میں سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹائم سکیل21کے حصول کے لئے بپلا کی موجودہ تحلیل شدہ کابینہ نے کوئی فعالیت نہیں دکھائی ان کی ساری توجہ اپنے لوگوں کو ایکس کیڈر پوسٹوں پر لانے تک محدود رہی جس سے پروفیسر ز او رلیکچررز کو نئی سہولیات تو کیا ملتیں پہلے سے حاصل مراعات خطرے میں پڑ گئے اس کی مثال 2019ء کے بعد تعینات ہونے والے کالج اساتذہ کے لئے ٹائم سکیل کی بندش کا نوٹیفکیشن ہے ہم اس نوٹیفکیشن کو نہیں مانتے اس کے لئے موثر جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ نئے آنے والے کالج اساتذہ کی پروموشن کے مسائل حل ہوسکیں۔ اس موقع پر لورلائی، سنجاوی، دکی او رہرنائی کالجز کے پروفیسرز و لیکچررز نے پروگریسیو پینل کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی اور پینل کے انتخابی منشور اور تنظیمی فعالیت پر مکمل اطمینان اور اعتماد کااظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے