حاجی داد محمد اچکزئی ضمانت خارج ہونے پرگرفتار
لسبیلہ(ڈیلی گرین گوادر) معروف ٹرانسپورٹر المعمود کوچ ٹرانسپورٹ کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی کو ضمانت خارج ہونے پرگرفتارکر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بلوچستان کے معروف ٹرانسپورٹر المعمود کوچ کمپنی کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی کو بدھ کے روز حب کے سیشن کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر پاکستان کوسٹ گارڈز نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔واضع رہے کہ حاجی داد محمد اچکزئی نے چند روز قبل اپنے مسافر کوچ میں کوسٹ گارڈز کے ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ پر دوران تلاشی غیرقانونی اشیاء کی برآمدگی پر کوچ کو تحویل میں لینے کے خلاف کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر شاہراہ کو 8 سے 10گھنٹے بند رکھا جس پر کوسٹ گارڈز اور وندر پولیس نے انکے خلاف الگ الگ مقدمات درج کئے تھے تاہم حاجی داد محمد اچکزئی موقع پر فرارہوگئے اور عبوری ضمانت لیکر عدالت میں پیش ہوتے رہے لیکن گذشتہ روز حب سیشن کورٹ میں انکی ضمانت خارج ہونے پر پاکستان کوسٹ گارڈز نے انکو عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔
