بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافیوں کے خلاف جرائم کے عالمی دن پر ارشد شریف کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئرصحافیوں اوربلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف جرائم کا سلسلہ جاری ہے کینیا میں ارشدشریف قتل کے واقعہ کی تمام پہلووں سے تحقیقات کرائی جائے، پی ایف یو جے اور ارشد شریف کے لواحقین کے مطالبے کے مطابق واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشنل کمیشن تشکیل دی جائے۔ان خیالات کااظہار پی ایف یو جے اور بی یو جے کے رہنماوں نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پرصحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیامظاہرے کے شرکاء نے پلے کارڈاوربینراٹھائے تھے اورارشدشریف کے قاتلوں کی گرفتاری کامطالبہ کرتے ہوئے آزادی صحافت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے قائمقام صدرنورالہی بگٹی،بی یوجے کے جنرل سیکریٹری منظور احمد رند، اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری پی ایف یوجے صحافی ایوب ترین اورکوئٹہ پریس کلب کے صدرعبدالخالق رند نے کہا کہ آج صحافی برادری کی جانب سے ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کو کینیا میں قتل کئے جانے والے سینئر صحافی اینکر ارشد شریف کے نام کیا گیا ہے کوئٹہ سمیت ملک بھر میں آج صحافی برادری ارشد شریف شہید سے عقیدت اظہار کررہی ہے مقررین نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں نہ صرف صحافیوں پرپابندیاں عائد کی گئیں بلکہ انہیں تشددکانشانہ بھی بنایاگیااوراب بھی اسی طرح کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ صحافی برادری نے کبھی اچھے دن نہیں دیکھے صحافیوں کو تنگ کرکے انہیں نشانہ بنایاجانے کی لمبی تاریخ ہے،صحافی رہنماوں کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی و اینکر ارشدشریف قتل کے تمام محرکات کی تحقیقات ہونی چاہیئے کہ کس نے انہیں باہر جانے پر مجبور کیا دبئی سے وہ کینیا کیوں جانے پر مجبور ہوا انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں خاتون رپورٹر صدف نعیم کے جاں بحق ہونے کے محرکات بھی سامنے نہیں آئے، آج تک کسی صحافی کے قاتلوں کو گرفتارنہیں کیاگیا صحافی رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ ارشدشریف کے قتل کی تحقیقات حاضرسروس بینچ پرمشتمل جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کرائی جائیں۔ یہ نہ صرف پی ایف یو جے بلکہ ارشد شریف کے فیملی کا بھی مطالبہ ہے۔ دوسری جانب ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی پی ایف یو جے کی کال پر یوم سیاہ منایا گیا صحافیوں نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر دن بھر فرائض سرانجام دئیے اور کوئٹہ پریس کلب پر سیاہ جھنڈا لہرایا گیا۔