معاشرے کے ارتقاء میں خواتین کا مرکزی کردار ہے،کور کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر بلوچستان کورلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے دورے کے دوران طالبات کیساتھ غیر رسمی گفتگو میں اظہار خیال کیا کہ نوجوان نسل کی اہم ترین ذمہ داری اپنی تعلیم وتربیت پہ توجہ دینا اور کامیابی سے اس سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے عملی زندگی میں قدم رکھنا ہے۔ یہی انکی طرف سے عظیم قومی خدمت ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفورنے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کی اساتذہ کو معاشرے کا اہم ترین ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک گھر کی مانند ہے جس میں ہم سب کی مشترکہ ذمہ داریاں ہیں اور ہر فرد نے اپنی بنیادی اور ثانوی ذمہ داریوں کو بالترتیب مکمل احساس کے ساتھ نبھانا ہے قومی عمارت کیمضبوطی سے قائم رہنے میں ہماری خواتین کا کلیدی کردار رہا ہے ضرورت اس امر کی ہے یہ کردار اسی احسن طریقے سے آئندہ نسلوں میں منتقل ہو جائے اس ضمن میں انہوں نے اساتذہ کرام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاشرے کے اصل معمار ہیں۔بلوچستان ایک ہمہ جہتی صوبہ ہے اور اس کے معاملات کو یک مشت سمجھ لینا بعید از قیاس ہے۔ کور کمانڈر لیفٹینٹ نے کہا اگرچہ بلوچستان نے گزشتہ دو دہائیوں میں انتہائی سخت حالات کا سامنا کیا ہے لیکن اس کے باوجود ارتقائی عمل سے گزرتے ہوئے بلوچستان میں کئی تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں۔ صوبے میں تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کا مردوں سے قدم ملا کر پیش پیش ہونا اس کی واضح مثال ہے کمانڈر بلوچستان کور نے طالبات کو صوبے میں پروان چڑھتی نوجوان نسل کے بارے میں اپنے وڑن سے متعارف کروایا صوبے، بالخصوص کوئٹہ میں موجود غیر نصابی سرگرمیوں کے محدود مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے کور کمانڈر نے "سٹوڈنٹ اِن " کے قیام کا اعلان کیا, غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لئیے طلبا و طالبات کو جدید طرز کی سہولت مہیا کرنے کا مقصد ان کو ایک ایسے ماحول کی فراہمی ہے جہاں فقط وہ بطور طالب علم اپنی شناخت ظاہر کر کے تمام سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ کمانڈر بلوچستان کور نے کہا کہ ماضی کی نسبت جنگوں کا طرز تبدیل ہو گیا ہے موجود جنگ سرحدوں سے ہٹ کر انسانی سوچ اور بیانیوں تک پہنچ چکی ہے موجودہ جنگوں کے تقاضے ہیں کہ اپنی حکمت عملی کو بھی اسی حساب میں مرتب کیا جائے۔ قبل ازیں یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے یونیورسٹی آمد پر کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل آصف غفور کا استقبال کیا۔نشست کے اختتام پہ طالبات اور اساتذہ کرام کے ساتھ یادگاری تصویر عکس بند کی گئی۔