عمران کا ہدف نئے آرمی چیف کی تقرری ہی ہے،مریم نواز
لندن (ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران کا ہدف نئے آرمی چیف کی تقرری ہی ہے۔لندن میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ چار سال فتنہ حکومت میں رہا، کوئی ایسا شعبہ نہیں جہاں اس نے تباہی نہ مچائی ہو، عمران خان جب جمہوریت کی بات کرتا ہے تو سر شرم سے جھک جاتا ہے، یہ اپنی 22 سالہ جددوجہد کا ذکر کرتا ہے جو پریوز مشرف کی غلامی سے شروع ہوتی ہے۔ْرہنما (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے مقاصد کیا ہیں؟ عمران خان بے دردی سے قوم کا پیسہ خرچ کر رہا ہے، کروڑوں روپے اس مارچ کی حفاظت کیلئے خرچ ہو رہے ہیں جس کا کوئی مقصد نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران کا ہدف نئے آرمی چیف کی تقرری ہی ہے، عمران خان چاہتا تھا موجودہ حکومت آرمی چیف کی تقرری نہ کر سکے، عمران خان سوچ رہے تھے جھوٹا بیانیہ گھڑ کر دباؤ بڑھائیں گے، اپنے ہر حربے میں ناکام ہونے کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ کا حربہ آزمایا، عمران خان کا یہ پلان بھی فیل ہو گا اور آرمی چیف کی تقرری خوش اسلوبی سے ہو گی۔
لانگ مارچ کی رفتار پر تنقید کرتے ہوئے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ پارٹ ٹائم لانگ مارچ ہے، یہ دوپہر کا کھانا کھا کر مارچ کیلئے نکلتے ہیں، پارٹ ٹائم لانگ مارچ تھوڑی دیر میں ہی ختم ہو جاتا ہے، کل سن رہے تھے لانگ مارچ 10 نومبرکو بھی اسلام آباد نہیں پہنچے گا، جس رفتار سے لانگ مارچ چل رہا ہے یہ ایک ماہ میں بھی نہیں پہنچے گا، گوجرانوالہ کے لوگ گھنٹہ گھر پر لگی گھڑی کی حفاظت کریں، گھڑی چور گجرانوالہ میں پھر رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان رات کے اندھیرے میں جن کے پاؤں پکڑتا ہے دن کے اجالے میں ان کے گریبان پکڑتا ہے، ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے بارے میں اس نے عوام کو نہیں بتایا، جسے بند کمرے میں توسیع کی پیشکش کی اسے ہی غدار کہنا شروع کر دیا، عوام کے سامنے یہ انہیں میر صادق اور میر جعفر کہتا رہا، اس کے اتنے بڑے جھوٹ تھے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو میدان میں آنا پڑا۔نائب صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کوعمران خان نے خود تعینات کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر نے اس کا بھانڈا پھوڑا تو وہ بُرا ہو گیا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے اسے نواز شریف اور آصف زرداری کی کرپشن کا بتایا، بشیر میمن کو مخالفین کی گرفتاری کا اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا تھا، تمہیں اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا کہ توشہ خانہ سے تحائف چوری کرو؟
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ایک اور بڑا اسکینڈل آنے والا ہے، انہیں ہیروں کا سیٹ توشہ خانہ سے ملا تھا، عمران خان نے 2 کروڑ روپے میں ہیروں کا سیٹ خرید کر 22 کروڑ کا دبئی میں بیچ دیا۔مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہوئی ہے، انہوں نے ہمیشہ کہا کہ ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے اور سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے، جب سیاست میں مداخلت بند ہوئی تو عمران خان دھڑام سے منہ کے بل نیچے گر گیا، یہ نواز شریف کے بیانیے کی کامیابی ہے، عمران خان کو ہر میدان میں شکست دی۔