بلوچستان کے تمام محکموں کی ویب سائٹس کی تخلیق کا منصوبہ جلد مکمل کرلیا جائے گا ، ڈاکٹرربابہ بلیدی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام محکموں کے افسران کی اے سی آر اور ملازمین کی سروس بک کو ای سسٹم پر منتقل کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ تمام محکموں اور خود مختار سرکاری اداروں میں دستیاب خالی آسامیوں کی معلومات سے متعلق جاب پورٹل قائم کیا جاررہا ہے مرحلہ وار قدیمی مینوئل نظام کو ای سسٹم پر منتقل کرنے سے دفتری امور سہل ہوں گے اور عوام کو مشکلات سے نجات ملے گی۔یہ بات انہوں نے سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ محمد طیب لہڑی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی نے کوئٹہ و گوادر سیف سٹی پروجیکٹ سمیت محکمے میں جاری مختلف منصوبوں سے متعلق بریفننگ دی پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام محکموں کی ویب سائٹس کی تخلیق کا منصوبہ جلد مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد عوام الناس کو سرکاری امور سے متعلق آگاہی ایک کلک پر مل سکے گی جبکہ مختلف فارمیٹس بھی آن لائن دستیاب ہوں گے افسران کی اے سی آر اور اہلکاروں کی سروس بک ڈیجیٹلائزڈ ہونے سے کسی بھی سرکاری افسر اور اہلکار کا ریکارڈ مرکزی خود کار آئی ٹی نظام سے منسلک ہوگا اور ترقی و تنزلی کا عمل غیر ضروری التواء کا شکار نہیں ہوگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ سیلاب اور کوویڈ سمیت کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں متاثرین کا ڈیٹا دستیاب ہو تو ریلیف اور بحالی کے عمل میں آسانی اور شفافیت ممکن ہے جبکہ مختلف بیماریوں سے متعلق درست اعداد و شمار مسائل کے تدارک میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں اس لیے ہمیں آئی ٹی سے وابستہ ڈیٹا بیس سسٹم کی طرف جانا ہوگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں قائم ڈیٹا بیس سسٹم کو فعال کرکے دباؤ کا شکار مینوئل سسٹم کو خود کار نظام کی جانب لے جائیں گے تاکہ سرکاری اہلکاروں پر فائل ورک کا دباؤ کم ہو اور عوام کو روز مرہ امور میں پریشانی سے نجات حاصل ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے