بلوچستان لیویز فورس کے اشتراک سے فورس کے تحقیقاتی افسران کے لئے ’جدید تحقیقاتی مہارتوں‘ کی تربیت مکمل ہوگئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)فوجداری انصاف اور قانونی اصلاحات پر یو این او ڈی سی کے پروگرام کے زیراہتمام بلوچستان لیویز فورس کے اشتراک سے فورس کے تحقیقاتی افسران کے لئے ’جدید تحقیقاتی مہارتوں‘ کی تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی۔ اس پروگرام کے سلسلے میں یورپی یونین نے بلوچستان میں قانون کی حکمرانی پراجیکٹ کے وسیع تر دائرہ کار کے تحت مالی تعاون کیا۔ تحقیقاتی افسران کے 3 بیچز کے لئے یہ تربیتی سیشن کوئٹہ میں لیویز ہیڈکوارٹرز میں منعقد کئے گئے۔ پہلے بیچ میں 20 تحقیقاتی افسران نے 22 سے 26 اگست 2022 تک تربیت حاصل کی۔ دوسرا سیشن17 سے 21 اکتوبر تک منعقد ہوا جس میں 3 خواتین سمیت 25 افسران نے حصہ لیا جبکہ تیسرے اور آخری بیچ میں 24 سے 28 اکتوبر کے دوران 4 خواتین سمیت 27 تحقیقاتی افسران نے حصہ لیا۔ دوسرا اور تیسرا تربیتی سیشن اس بنا پر خصوصی اہمیت کا حامل رہا کہ یو این او ڈی سی کے زیراہتمام تحقیقاتی مہارتوں کی تربیت میں خواتین لیویز افسران نے بھی حصہ لیا۔ اس سے قبل بنیادی تحقیقاتی مہارتوں پر تربیتی سیشنز کا اہتمام رواں سال جون اور جولائی کے مہینوں میں کیا گیا تھا۔ یو این او ڈی سی کے منصوبے کے مطابق تربیتی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ بنیادی تربیت کے ساتھ شروع کیا گیا اور آہستہ آہستہ اس کا درجہ بڑھاتے ہوئے جدید تحقیقاتی مہارتوں کو بھی تربیت میں شامل کیا گیا۔ اپنی نوعیت کی ان منفرد تربیتی سرگرمیوں کا مقصد خدمات کی فراہمی کو پیشہ ورانہ خطوط پر موثر اور فعال بنانا ہے جس کیلئے مختلف بنیادی مہارتوں مثلا کرائم سین مینجمنٹ، جدید قوانین کی معلومات، تحقیقاتی مہارتوں، صنفی تشدد کے واقعات سے متعلق امور، کمیونٹی پولیس اور فورانزک شواہد کے حصول پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔تربیتی سیشنز کے دوران مروجہ طریقوں کو بہترین انداز میں سمجھانے اور موثرو فعال تحقیقات، پوچھ گچھ اور متاثرین، گواہان اورمشتبہ افراد کے انٹرویوز کے لئے مہارتوں کے استعمال جیسے موضوعات پر الگ الگ ماڈیولز تیار کئے گئے ہیں۔ تربیتی پروگرام میں دبا اور پریشانی سے نمٹنے کے طریقوں، پیشہ ورانہ سوچ اور ڈیوٹی سنبھالنے پر طرزِعمل میں مثبت تبدیلی کو بھی موضوعِ بحث بنایا گیا ہے۔ اپنے اختتامی کلمات میں محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے آڈیشنل چیف سیکرٹری جناب زاہد سلیم نے کہا کہ لیویز نے صوبے کے طول وعرض میں سلامتی یقینی بنانے کے لئے اپنا ایک خاص کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امن وامان قائم کرنے کے لئے عظیم قربانیاں بھی دی ہیں۔ ہمیں اپنی لیویز فورس پر فخر ہے۔ لیویز بلوچستان کے محافظ ہیں۔ ہمیں مستونگ، چمن اور لورالائی میں لیویز کے سپاہیوں کی شہادت پر بے پناہ تکلیف پہنچی ہے۔ تربیتی سیشن کے اختتام پر جناب زاہد سلیم اور بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل جناب قادر بخش پیرکانی نے تربیت مکمل کرنے والے بلوچستان لیویز فورس کے تحقیقاتی افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ تربیت کے شرکا نے اس دوران سیکھی گئی مہارتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس اہم تربیتی سرگرمی میں معاونت اور مسلسل کوششوں پر یو این او ڈی سی کا شکریہ ادا کیا۔