ارشد شریف قتل کیس، تحقیقاتی ٹیم کی کینیا میں پولیس چیف سے ملاقات
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سینیئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس میں بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم نے کینیا میں حقائق کا تعین کرنے کے لیے کینین پولیس چیف و حکام سے ملاقات کی ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے اکیڈمی اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جینس بیورو عمر شاہد حامد پر مشتمل ٹیم کینیا میں ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے حقائق کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہے۔
پاکستانی ٹیم کی کینیا کے قائم مقام آئی جی پولیس و حکام سے پاکستان ہائی کمیشن میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر کینیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین بھی موجود تھیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستانی ٹیم و کینین پولیس حکام نے ارشد شریف قتل کیس پر بھی بات چیت کی۔
واضح رہے کہ کینیا میں ارشد شریف کو رہائش وغیرہ کی سہولیات بہم پہنچانے والے دو بھائیوں وقار و خرم نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا تھا کہ ارشد شریف کا موبائل فون و آئی پیڈ وغیرہ کینین پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم نے کینین پولیس چیف سے کینیا میں اب تک ہونے والی تحقیقات پر بھی معلومات لیں، ملاقات کے موقع پر کینین پولیس چیف نے پاکستانی تفتیش کاروں کو سوینیئر بھی دیا۔