نبی کریم ؐسے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ نبی کریم ؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اورا س محبت کا عین تقاضہ ہے کہ انؐ کی تعلیمات، احکامات اور معاشرت پر عمل کرکے اسلامی نظام کا قیام عمل میں لایا جائے، نبی کریم ؐ نے رنگ ونسل سمیت ہر قسم کے امتیازسے بالاتر ہوکر اخوت و محبت،مساوات اور بھائی چارے کاپیغام دیا۔ اسلام ہی انسانی حقوق کا سب سے بڑامحافظ ہے۔ہمارے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے جماعت اسلامی اسلامی نظام کے قیام،عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے الہدیٰ سکول ڈیرہ مرادجمالی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ گورایہ،جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر بشیراحمدماندائی،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری انجینئر عبدالمجید بادینی،پروفیسر محمد ایوب منصور، مولانا عبدالواحد زہری،پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو نے بھی خطاب کیا مقررین نے خطاب میں مزید کہا کہ دین صرف چند جزیات کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل نظام حیات ہے جسے خود دین دار طبقے نے مخصوص رسم و روایات تک محدود کردیا ہے،معاشرے میں اخلاقی گراوٹ، بے راہ روی کی وجہ دین سے دوری ہی ہے،جماعت اسلامی کا مقصد اقامت دین کی جدوجہد ہے، نبی کریم ؐ نے طویل اور انتھک جدوجہد کی اور ریاست مدینہ قائم کرکے اسلام کا نام روشن کیا۔ نبی کریم ؐ کی حیات طیبہ ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہے، 40سال کی عمر میں نبوت ملی،لیکن اس سے قبل بھی آپ ؐ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ سچائی اور پاکبازی کا پیکر بن کر گزارا جس کے بارے میں خود مشرکین مکہ کہا کرتے تھے کہ آپ ؐ صادق و امین ہیں اور خود کافر بھی آپ کے پاس اپنی امانتیں رکھوایا کرتے تھے۔ نبی کریم ؐ نبوت ملنے سے پہلے بھی قبیلوں اور برادریوں کے درمیان فیصلے کروایا کرتے تھے۔انہوں نے مزیدکہاکہ 75سال گزرگئے ملک میں ایک دن کے لیے اسلام کا نظام نافذ نہیں ہوا،حق اور سچ کی بالادستی کا نظام قائم نہیں ہوا یہی وجہ ہے کہ ملک میں عدل وا نصاف میسر نہیں، نا اہل حکمران اپنی بالا دستی کا نظام چلا رہے ہیں، شہر بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں عام ہوتی جارہی ہیں۔ حکمران زبان اور فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کر کے اپنی سیاست چمکاتے ہیں، عوام دین سے وابستہ ہوکر ان مکروہ چہروں کو پہچانیں جنہوں نے 75سال چہرے بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بنایا،عوام کو تقسیم کر کے اور خود ایک ہوکر ملک کی دولت کو لوٹتے رہے۔جب تک ملک میں شرعی نظام کو لاگونہیں کرلیاجاتاتب تک ہم مسائل سے نجات اور دنیا میں ترقی نہیں کرسکتے