عمران نیازی کو ڈی چوک سے اسٹیبلشمنٹ نے اٹھا کر وزیراعظم بنایا،سراج الحق
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو ڈی چوک سے اسٹیبلشمنٹ نے اٹھا کر وزیراعظم بنایا، اب اس کا رونا جائز ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب کو مسلم لیگ ن نے اور خیبرپختون خوا کو تحریک انصاف نے تباہ کیا، اسٹیبلشمنٹ اگر ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا ساتھ نہ دے تو یہ ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
سراج الحق نے کہا کہ غریب مر رہا ہے لیکن ان حکمرانوں کی عیاشیاں جاری ہیں، امیر کے لیے رات کو بارہ بجے بھی عدالتیں کھلتی ہیں جبکہ غریب کو دن بارہ بجے بھی انصاف نہیں ملتا، عدالتوں میں سانپ اور بچھو ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب یہ اقتدار میں اتے ہیں کہتے ہیں کہ فوج اور ہم ایک پیج پر ہیں، جب ان کا مطلب پورا نہیں ہوتا فوج کو گالیاں دیتے ہیں، نہ عمران نیازی خود آیا اور نہ شہباز شریف، فوج نے بار بار آئین توڑا، عمران نیازی کو ڈی چوک سے اسٹیبلشمنٹ نے اٹھا کر وزیراعظم بنایا. اب اس کا رونا جائز ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عمران نیازی نے کارخانے نہیں بنائے لنگر خانے بنائے جو آج تباہ پڑے ہیں، پی ٹی آئی کے 50 لاکھ گھروں میں سے ایک بھی گھر نہ بنا، ان کے نام پانامہ لیکس اور وکی لیکس میں ہیں۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے پاس صاف شفاف قیادت ہے، سیلاب زدگان کی سب سے زیادہ خدمت ہم نے کی، ہم کشمیر پالیسی سے یوٹرن نہیں لیں گے، ڈاکٹر عافیہ کو ہم رہائی دلوا کر دم لیں گے، قرآن کا نظام اور نظام مصطفی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اللہ سے وعدہ کرتے ہیں۔