پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہم اپنے عوام کے حقوق کا پرچم بلندرکھیں گے،اے این پی

چمن(ڈیلی گرین گوادر) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہم اپنے عوام کے حقوق کا پرچم بلندرکھیں گے اور کسی بھی موڑ پر کارکنوں او رپشتون عوام کو مایوس نہیں کریں گے، ہماری جدوجہد کا مرکز اپنے عوام کے حقوق کا حصول اور ان کی ترقی وخوشحالی ہے اس مقصد کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، چار سال کے قلیل عرصے میں چمن میں ہونے والے ریکارڈ ترقیاتی کاموں کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔شہید وطن خان حاجی جیلانی اچکزئی کی بارہویں اور شہید اسدخان اچکزئی کی دوسری برسی کی مناسبت سے جلسہ عام18نومبر کو منعقد ہوگا شہداء کے ارمانوں کی تکمیل اور پشتونوں کے روشن مستقبل کے لئے جدوجہد کا تسلسل برقراررکھیں گے۔ ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی، صلاح الدین وطنیار، کلیم اللہ حکمت یار ودیگر نے عوامی نیشنل پارٹی ضلع چمن کے بنیادی یونٹوں کے صدور، جنرل سیکرٹریز و ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بنیادی یونٹ صدور،سیکرٹریز،ضلع وصوبائی کونسل ممبران اور پارٹی ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی امور، پارٹی کی فعالیت، شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی و اسد خان اچکزئی کی برسی کے سلسلے میں جلسہ عام کے انعقاد اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اطمینان کااظہار کیا گیا کہ پارٹی کی پارلیمانی قیادت نے پارٹی ذمہ داران، کارکنوں اور اہلیان چمن کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے قلیل عرصے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔پارٹی کی عوام دوست حکمت عملی اور مربوط اقدامات کی بدولت چمن کو ضلع کا درجہ ملا نئے ضلع اور دو سب ڈویڑنز کے قیام کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھاتے ہوئے پولی ٹیکنیک کالج کا قیام، شہید عسکرخان ڈگری کالج، یونیورسٹی سب کیمپس کا قیام، پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کی اپ گریڈیشن و نئی تعمیرات، صحت کے شعبے میں نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی فعالیت، پرانے ڈی ایچ کیو کو وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال ڈکلیئر کرکے فعال کرنا، توانائی کے شعبے میں ایک بلین کے قریب لاگت سے ہر قسم کی سہولیات سے آراستہ نئے گرڈ اسٹیشن کا قیام،پرانے گرڈ اسٹیشن سے دو نئے فیڈرزکا اجراء، ولیج الیکٹریفکیشن کے تحت مختلف آبادیوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنا، آبنوشی سکیمات کا جال بچھانا مختلف کلیوں کو سولر پینل اور واٹر سپلائی سکیمات کی فراہمی حقیقی عوامی نمائندگی کی بدولت ممکن ہوئی جس پر نہ صرف پارٹی کارکنان بلکہ چمن کے عام شہری بھی اطمینان کااظہار کرتے ہیں۔ اجلاس میں گزشتہ بالدیاتی انتخابات میں پارٹی کی 2018 کے جنرل انتخابات کے بعد ایک مرتبہ پھر بھر پور اعتماد کے اظہار پر پارٹی ایک مرتبہ پھر چمن کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتی ہیں اجلاس میں متفقہ طو رپر فیصلہ کیا گیا کہ شہید وطن خان حاجی جیلانی خان اچکزئی کی بارہویں اور شہیداسدخان اچکزئی کی دوسری برسی کی مناسبت سے قدیمی عید گاہ مرغئی بازار چمن میں 18نومبر بروز جمعتہ المبارک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے پارٹی کے مرکزی صوبائی وضلعی رہنماء خطاب کریں گے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اجلاس میں جلسہ عام کے سلسلے میں مختلف امور کا جائزہ لیاگیا اور عہدیداران پر زور دیاگیا کہ وہ جلسہ عام کے لئے اقدامات یقینی بنائیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اورپشتونوں کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لئے فعال او رمنظم کردار اد کیا، پارٹی قیادت اپنے فرائض سے اچھی طرح آگاہ ہے اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر جگہ ہر فورم پر ہم اپنے عوام کی حقیقی نمائندگی کرتے رہیں گے پارٹی کی تاریخ انتھک جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے پارٹی اکابرین، قائدین اور رہنماؤں نے ہمیشہ پشتونوں کے اتحاد اتفاق ویکجہتی اور پشتونوں کے اجتماعی مسائل کے حل کے لئے صف اول کا کردار ادا کیاانہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ہم کبھی اپنے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اورنہ ہی شہداء کے مشن کو چھوڑیں گے خدائی خدمتگار تحریک سے لے کر موجودہ اے این پی تک ہمارے اکابرین،قائدین اور کارکنوں نے پشتونوں کے حقوق کے حصول، جمہور کی حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تاریخی جدوجہد کی فخر افغان باچاخان اور ان کے رفقاء نے جہاں پشتونوں کے حقوق کے حصول کے لئے عمر بھر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ہم اپنے اکابرین کے نقش قدم پر گامزن ہیں اپنی ذمہ داریوں سے کبھی منہ نہیں موڑیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے