نیشنل پارٹی کے ترجمان کا انجمن تاجران بلوچستان کے پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے ترجمان نے انجمن تاجران بلوچستان کے پہیہ جام ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔ نیشنل پارٹی کے سکریٹری جنرل جان محمد بلیدی اور مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی فاروق شاہوانی نے رحیم آغا صدر انجمن تاجران بلوچستان سے بات کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ تمام قومی شاہراہیں غیر محفوظ ہیں شاہراہوں پر ڈاکو راج قائم ہے جبکہ شہروں میں اسٹریٹ کرائم بھی زوروں پر ہے روزانہ کی بنیاد پر کوئٹہ اور اردگرد کے شہروں میں کروڈوں کی ڈکیتی اور چوری روز کا معمول بنا ہوا ہے ریاستی و انتظامی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں پولیس اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرنے سے قاصر ہے اہم پوسٹوں پر سیاسی مداخلت، سفارش کلچر اور بھتہ نظام پولیس نظام کو برباد کرنے میں بنیادی سبب بنا ہوا ہے پوسٹوں کی بولی لگائی جاری ہے ایسی صورتحال میں حالات کا ٹھیک ہونا ناممکن دیکھائی دے رہا ہے۔ حکومت اور اس کی پوری ٹیم کی غیر ذمہ داری معاملات کو مزید گھمبیر بنا رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے 31 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج میں ذاتی طور پر شامل ہونے اور اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے ذمہ دار لوگوں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ برائے راست اس ہڑتال کا حصہ بن کر تاجر برادری کے ساتھ مکمل اپنی یکجہتی کا اظہار کریں۔