صوبائی حکومت اور محکمہ صحت پولیو ورکرز کی تنخواہوں میں فوری طور پراضافے کا اعلان کریں،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ اپنی جانوں کوخطرے میں ڈال کر معصوم بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے خدمات سرانجام دینے والے عملے کی تنخواہیں انتہائی کم ہیں جو آٹے میں نمک کے برابر ہیں صوبائی حکومت اور محکمہ صحت پولیو ورکرز کی تنخواہوں میں فوری طور پراضافے کا اعلان کریں تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان پولیو کے لحاظ سے ہائی رسک پر موجود ہے وفاقی،صوبائی حکومتیں اور عالمی ادارے بلوچستان سمیت پاکستان بھرسے پولیو کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں پولیو مہم کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2اہلکار شہید ہوئے جبکہ دیگر عملہ معجزانہ محفوظ رہا جس سے عملے میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف پولیو مہم کے دوران اپنے فرائض سرانجام دینے والے سپروائزر، سی ایچ ڈبلیو، ٹڑانزٹ ٹیمیں، ایل ایس ایم،ٹی ٹی ایس پی اور پولیوورکرز اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر صوبے کے دوردرازعلاقوں میں جاکر معصوم بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے قطرے پلاتے ہیں جنہیں 5ہزار سے 25ہزار روپے تک معاوضہ ادا کیا جاتا ہے جو اس مہنگائی کے دور میں انتہائی قلیل ہے جس میں گزر بسر کرنا انتہائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت،محکمہ صحت اوردیگر عالمی ادارے پولیو ورکرز کی تنخواہوں میں فوری طور پر مناسب اضافے کویقینی بنائیں تاکہ معصوم بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی خدمات سرانجام دینے والے پولیو ورکرز اوردیگر عملہ مزید بہتر طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے