بلوچستان سے جتنے بھی قافلے نکل رہے ہیں ان کی منزل راولپنڈی ہوگی،قاسم خان سوری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بلوچستان سے پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ اسلام آباد میں شرکت کرنے کے لئے قافلہ 2 نومبر بروز بدھ روانہ ہوگا،اس دفعہ پاکستان تحریک انصاف کی پلاننگ مختلف ہوگی، پورے پاکستان سے لاکھوں عوام اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ یہ با ت انہوں نے اتوار کو صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ 25 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے پرامن مارچ پر وفاقی حکومت کی جانب سے جس طرح ظلم اور تشدد کیا گیا جس کی وجہ سے عوام کو نہیں نکلنے دیا گیااس دفعہ پاکستان تحریک انصاف کی پلاننگ مختلف ہوگی، پورے پاکستان سے لاکھوں عوام اسلام آباد کا رخ کریں گے۔قاسم خان سوری نے کہاکہ پورے پاکستان نے دیکھا کہ لبرٹی چوک پر صرف لاہور کے لاکھوں لوگوں نے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی خیبرپختونخوا بلوچستان سندھ اور جنوبی پنجاب جب حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شامل ہوں گے تو اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ وفاقی حکومت کی کرتوتوں کی وجہ سے اس دفعہ ہم نے الگ سٹریٹجی بنائی ہے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کرنے کیلئے ایک بڑے کارواں کے ساتھ کوئٹہ سے نکلیں گے۔ قاسم خان سوری نے کہاکہ بلوچستان سے جتنے بھی قافلے نکل رہے ہیں ان کی منزل راولپنڈی ہوگی، راولپنڈی سے عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شامل ہوکر اسلام آباد کا رخ کریں گے۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ، سینئر نائب صدر حاجی نواب خان دمڑ، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ملک نصیب اللہ خان بیٹنی بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے