صحت و تعلیمی مراکز کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،فاروق عبداللہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور بہترین انتظامات سے غریب عوام براہ راست مستفید ہوتی ہے اور کوئٹہ میں صحت و تعلیمی مراکز کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی فاروق عبداللہ نے سول ہسپتال ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورے کے موقع پر کیا انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی ہدایات پر صحت و تعلیمی مراکز کی مسلسل نگرانی اور عوام کو دی جانے والی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں ہسپتال کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی نے آئی سی یو میں سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ بھی لیا اور زیر علاج مریضوں اور اُن کے اہل خانہ سے سہولیات اور صحت وصفائی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت بھی کی جبکہ سیکورٹی اور صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا انہوں نے سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں مریضوں کی اچھی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور عملے کی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔