چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سیلاب متاثرہ بچی سے اجتماعی زیادتی کا نوٹس لے لیا
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے سیلاب متاثرہ کم سن بچی سے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔سندھ ہائی کورٹ کےچیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے سیلاب زدہ متاثرین میں شامل کم سن بچی سے اجتماعی زیادتی کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو 27 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے، جب کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن جنوبی ون کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔رجسٹرارسندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ پولیس افسران واقعہ کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ کے ہمراہ پیش ہوں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کم سن بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس اخبارات میں شائع ہونے والی خبر پر لیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ بچی سے زیادتی کیس کو 72 گھنٹوں میں حل کرلیا ہے، اور ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ملزمان کی گرفتاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بچی کو امداد کا جھانسہ دے کر گاڑی میں دو دریا کے قریب لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ ملزمان نےاعتراف جرم کرلیا ہے، اور ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گاڑی دو روز قبل غلام رسول نے خریدی تھی، اور اس کا ساتھی ملزم خالد کراچی کے بنگلے میں ملازم ہے، جو وقوعہ کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ایڈیشنل آئی جی کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم خالد کو ٹنڈوالہ یار، جب کہ غلام رسول کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔