پنجاب کے ادارے انفرااسٹریکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کےماسٹرپلان پر عملدرآمد کے لئے رضا مندی کااظہارکردیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صحت عامہ کے منصوبوں پر کام کرنے والے حکومت پنجاب کے ادارے انفرا اسٹریکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پروانشل سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے لئے رضا مندی کا اظہار کردیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا وزیر اعلیٰ پنچاب کو مراسلہ، منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کی استدعا۔ محکمہ صحت بلوچستان کے زرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری شعبے میں کام کرنے والی بلوچستان کی سب سے بڑی اسپتال پروانشل سنڈیمن کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے لئے پنجاب میں صحت کے انفراسٹرکچر پر کام کرنے والے ادارے آئی ڈی اے پی کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے نام مراسلہ میں اس اہم منصوبے پر کام شروع کرنے کی استدعا کی ہے دوسری جانب بلوچستان کابینہ نے بھی سنڈیمن پروانشل اسپتال کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے اس سلسلے میں سول سنڈیمن پروانشل اسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپریٹینڈنٹ ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے بتایا ہے کہ آئی ڈی اے پی کو صحت کے مراکز بہترین سہولیات پر مشتمل ہسپتال بنانے میں بے مثال مہارت حاصل ہے اس لئے سول سنڈیمن پروانشل اسپتال کے ماسٹر پلان کے تحت سرجیکل اور میڈیکل ٹاورز انفرا اسٹریکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے بنوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے بلوچستان کابینہ نے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے جبکہ آئی ڈی اے پی اس پنجاب کابینہ سے منظوری حاصل کرکے منصوبے پر کام شروع کرے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وزیر صحت سید احسان شاہ کی خصوصی دلچسپی سے بلوچستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تاریخ ساز پیش رفت جاری ہے اور ماسٹر پلان کے تحت اس اسپتال کے بنیادی مربوط بنیادی ڈھانچے کی تشکیل، مسائل کی نشادہی، نقل و حرکت اور صحت کی دیکھ بھال کی مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنانے سے سنڈیمن پروانشل اسپتال پاکستان کے ایک معیاری سرکاری ادارے کی حیثیت اختیار کر لے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے