منتخب نمائندوں کی تضحیک،پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منتخب رہنماؤں کی گرفتاری اور غیر مناسب رویئے کے خلاف سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد کی گرفتاری کے خلاف شاہراہ دستور پر احتجاج کیا گیا اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر سمیت دیگر ریلی کی صورت میں سپریم کورٹ کے باہر پہنچے۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صالح محمد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں وہ منتخب نمائندے ہیں اور پورے علاقے کی تضحیک ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ صالح محمد کو گھسیٹ کر گرفتار کیا گیا اور ان کی تصاویر کھنچوائی گئیں۔ سپریم کوٹ کے سامنے اس لیے آئے ہیں کہ وہ انصاف کی علامت ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کا رویہ پوری قوم نے دیکھا اور 25 مئی کو شہریوں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا پوری قوم نے دیکھا۔ صالح محمد، اعظم سواتی، شہباز گل کے ساتھ غیر مناسب رویے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رہی ہے اور امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ سے منتخب نمائندے کو انصاف ملے گا۔پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اعظم سواتی کو اٹھایا گیا اور ان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا۔ فسطائیت کا دور دورہ ہے اور انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔ اپنے اراکین سے روا رکھے گئے سلوک کو ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے