عمران خان کا جمعہ کو لانگ مارچ لبرٹی چوک لاہور سے شروع کرنے کا اعلان

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جمعہ کو لبرٹی چوک لاہور سے شروع ہو گا۔ یہ حقیقی آزادی مارچ ہے کوئی ٹائم فریم نہیں ہے، جی ٹی روڈ سے براستہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئر مین کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے جمعے کولانگ مارچ کا اعلان کررہا ہوں، لبرٹی چوک لاہور سے اسلام آباد کے لیے مارچ شروع ہوگی، لبرٹی میں 11 بجے ہم جمع ہوں گے پھر وہاں سے اسلام آباد کی طرف مارچ شروع ہوگا۔ مجھے کہا گیا کہ آپ غیرذمہ دار ہیں ملک بڑی مشکل میں ہے، اس مشکل وقت میں احتجاج کر رہے ہیں۔ جب ہم نے اقتدارسنبھالا تو تاریخ کا سب سے بڑا بیرونی خسارہ تھا، ہمارے دورمیں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا گیا، ہماری حکومت نے کورونا کا بھی مقابلہ کیا، کورونا کے دوران ہم نے معیشت کوبھی بچایا، عالمی اداروں نے ہماری معاشی پالیسی کو سراہا، احساس پروگرام کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

اپنی بات کوجاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری حکومت کے دوران 3 دفعہ لانگ مارچ کیا گیا، ایک مریم نواز نے بھی لانگ مارچ کیا تھا جو گُجرخان میں کہیں رہ گیا تھا، تب کسی کو پاکستان کی مشکلات کی پرواہ نہیں تھی، مجھے کہتے ہیں ملک مشکل میں ہیں، لانگ مارچ نہ کریں، 25 مئی کو احتجاج کال آف نہ کرتا تو اگلے دن ملک میں انتشار ہو جانا تھا، بیرونی سازش کے تحت پہلے چوروں کو مسلط کیا گیا، 25، 25 کروڑ دے کر سندھ ہاؤس میں نیلام گھر لگایا گیا، ضمنی الیکشن ہارنے کے بعد ہمارے خلاف مقدمات اورصحافیوں پرپابندیاں لگائی گئیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحافی ملک سے باہر بھاگ رہے ہیں، سب سے زیادہ تکلیف دہ بات ارشد شریف کا قتل ہے، ارشد شریف کوئی دہشت گرد یا کوئی ڈاکو نہیں تھا، سب جانتے ہیں ارشد شریف محب وطن پاکستانی تھے، ارشد شریف کو ڈرایا دھمکایا گیا اپنے موقف سے ہٹ جائے، دو دفعہ ارشد شریف کو ایڈوائز کیا اس کی جان خطرے میں ہے، ملک کے نامور ڈاکو اپنے اپنے کیسز معاف کرا رہے ہیں، کبھی اسمبلی میں ایسا نہیں ہوا جس طرح کی ترامیم کی جا رہی ہیں، اپنی کرپشن بچانے کے لیے ترامیم کرائی، اپنے کیسز معاف اور ساتھ معیشت کو تباہ کر دیا، اکنامک سروے کی رپورٹ دیکھ لیں ہم کونسا پاکستان چھوڑ کر گئے تھے، ہماری حکومت بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھی اتنی مہنگائی نہیں تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ اور ہمارے اوپر کیسز پر کیسزشروع کر دیئے، پاکستان میں ارشد شریف کی شہادت سے زیادہ ظلم کب ہوا، ارشد شریف جان بچانے کے لیے کینیا گیا، لانگ مارچ کوئی سیاست نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ چوروں سے آزادی کی جنگ ہے، یہ جہاد فیصلہ کرے گا پاکستان کیا چوروں کی غلامی یا خود مختار پاکستان بنے گا، یہ اور ان کے ہینڈلرز سمجھتے ہیں ہم بھیڑ، بکریوں کی طرح ان کی غلامی کریں گے، یہ حقیقی آزادی مارچ ہے کوئی ٹائم فریم نہیں ہے، جی ٹی روڈ سے براستہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پیشگوئی کرتا ہوں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی سمندر شامل ہو گا، پاکستان میں کون قیادت کرے گا عوام فیصلہ کرے گی، ہم چاہتے ہیں ملک کے لوگ فیصلہ کریں، برطانوی وزیراعظم کی تبدیلی پر پوری اپوزیشن الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہے، یہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، کیا ہم نے ایک خود مختار ملک بننا ہے یا چوروں کی غلامی کرنی ہے۔

اس سے قبل پشاور میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی تاریخ کا وہ مرحلہ ہے جس میں مجھے وکلا برادری کی ضرورت ہے، یہ پاکستانی تاریخ کا وہ مرحلہ ہے جس میں مجھے وکلابرادری کی ضرورت ہے، اللہ کا حکم ہے میری زمین پر انصاف قائم کرو، صحافت میں سب سے زیادہ عزت میں ارشد شریف کی کرتا تھا، انسان اور جانوروں کے معاشرے میں فرق صرف انصاف کا ہے، انسانی معاشرہ تب بنتا ہے جب کمزور کو طاقتور سے تحفظ ملے، انصاف خوشحالی لے کر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں انصاف ہے وہ خوشحال ہے، طاقتور چوری کرے تو این آر او،کمزور چوری کرے تو جیل میں جاتا ہے،ارشد شریف حق اور سچ پر کھڑا ہوتا تھا،ضمیر کا سودا نہیں کرتا تھا، جب قوم اچھائی اور برائی میں فرق کرنا ختم کرتی ہے تو تباہ ہوجاتی ہے، ارشد شریف کسی مافیا کونہیں بخشتا تھا، ارشد شریف کسی مافیا کونہیں بخشتا تھا، جہاد مسلمانوں پر فرض ہے،جہاد میں آپ ظلم کا مقابلہ کرتے ہیں، ارشد شریف کو نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں آئیں،مجھے معلومات آئیں کہ ارشد شریف کو مارنے لگے ہیں، ارشد شریف کو کہا تم ملک سے باہر چلے جاو، ان کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کو بند کمرے میں برہنہ کرکے تشدد کیا گیا، ارشد شریف کو پتہ تھا اس کی جان خطرے میں ہے،اس کے باوجود یہ راہ حق سے پیچھے نہیں ہٹا،ارشد شریف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا، ملک دورائے پر کھڑا ہے، 26سال سے چوروں کے ساتھ جہاد کررہا ہوں، آپ کا مستقبل بھیڑ بکریوں والا ہونے والا ہے،جانوروں کا معاشرہ ظلم کا مقابلہ نہیں کرسکتا، 75سال کے اعظم سواتی کو برہنہ کرکے تشدد کیا گیا۔

عمران خان کا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایک ڈرٹی ہیری آگیا ہے، جس مرحلے پر ملک کھڑا ہے ،یہ آپ سب کے لئےچیلنج ہے، میں ان کے سامنے نکلوں گا،فیصلہ کیا ہے جب تک زندہ ہوں ظالموں کا مقابلہ کروں گا،یاد رکھیں اللہ نے کسی کو نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، میں 26سال پہلے اس ملک میں انصاف قائم کرنے کیلئے نکلا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے