بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن نے فرینڈلی رویہ ترک کرکے اصل اپوزیشن کا کردارادا کرنا شروع کردیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن نے فرینڈلی رویہ ترک کرکے اصل اپوزیشن کا کردار ادا کرنا شروع کردیا، صوبائی اسمبلی کے رواں سیشن میں اجلاس تیسری مرتبہ کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا،لاہور میں ہونے والی عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے دوران ملکی اداروں کے خلاف تقاریر کے حوالے سے پیش کی گئی مذمتی قرارداد بھی کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے منظور نہ ہوسکی۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر بابر موسی خیل کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 45 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا،اجلاس میں کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جان بحق صحافی ارشد شریف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرائی گئی،،، وقفہ سوالات کے بعد پارلیمانی سیکرٹری بشری رند نے لاہور میں ہونے والی عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے دوران ملکی اداروں کے خلاف تقاریر کے حوالے سے مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تقاریر سے نہ صرف ملکی اداروں کی ساکھ بری طرح متاثر ہوتی ہے بلکہ ملک دشمن عناصر کو ملکی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کا موقع بھی ملتا ہے،، قرار داد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت آئندہ اس قسم کی ملک مخالف تقاریر کی روک تھا م کیلئے اقدامات کرے، قرارداد پیش ہوتے ہی اپوزیشن رکن احمد نواز کی جانب سے کورم کی نشاندھی کی گئی، دو مرتبہ اجلاس میں وقفے لینے کے باوجود کورم پورا نہ ہونے پر بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 27اکتوبر کی سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے