قومی اسمبلی میں صحافی ارشد شریف کے قتل کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)قومی اسمبلی کے اجلاس میں صحافی ارشد شریف کے قتل کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔اسپیکرراجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر تحفیف غربت شازیہ مری نے صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل سے متعلق مذمتی قرارداد پیش کی جسے ایون نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان سینئر صحافی ارشد شریف کے وحشیانہ قتل کی مذمت کیساتھ یہ مطالبہ بھی کرتا ہے کہ واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے۔ایوان میں صحافی ارشد شریف اورشمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اجلاس میں ضمنی الیکشن جیتنے والے پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی اور عبدالحکیم بلوچ نے حلف بھی اٹھا لیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نیدونوں ارکان سے حلف لیا۔