کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کا کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن کا دورہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کوئٹہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ائیر پورٹ منیجر ملک مظہرحسین اور اے ایس ایف حکام نے کو ر کمانڈر کو ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے،سکیورٹی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ائیرپورٹ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو سراہا اور خواہش کی کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تزئین وآرائش کو دوسرے صوبوں کے ائیرپورٹس کی طرز پر کیا جائے تاکہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس سلسلے میں اپنے ادارے کی مدد کا بھی وعدہ کیا۔بعد ازاں کور کمانڈر بلوچستان نے ریلوے اسٹیشن کوئٹہ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ڈویڑنل سپریٹنڈنٹ ریلوے فرید احمد نے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ سہیل رحمان اور دیگر سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ریلوے حکام اور سول انتظامیہ کے ہمراہ مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پرکمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے تجویز دی کہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولت، صفائی اور تزئین و آرائش کے کاموں میں فوج ان کی مدد کرے گی۔