6 کروڑ سے زائد مالیت کی کی اسمگل شدہ اشیا کوئٹہ سے کراچی لانے کی کوشش ناکام
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) کسٹم نے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا کوئٹہ سے کراچی لانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔پاکستان کسٹم کے مطابق ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ مہم کے تحت مختلف کاروائیوں میں 6 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء برآمد کی گئیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر انعام وزیر نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کوئٹہ سے ایک کنٹینر کے ذریعے غیرملکی اسمگل شدہ اشیاء کو کراچی لایا جارہا ہے۔اطلاع ملنے پر ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے سپرہائی وے پر اپنی نگرانی سخت کردی اور کوئٹہ سے آنے والے کنٹینر بردار مشکوک ٹرک کو روکا جس کی تلاشی پر کنٹینر سے غیرملکی بادام، زیرہ، خشک میوہ جات، کاسمیٹکس، فیبرک، کراکری اور اسمکڈ ملک برآمد ہوا۔
حکام کی جانب سے برآمد شدہ اشیاء کی درآمدی دستاویزات طلب کی گئیں جو ڈرائیور اور دیگر عملہ پیش نہ کرسکا جس پر حکام نے مقدمہ درج کرکے گاڑی اور برآمد شدہ اشیاء ضبط کرلیں۔ترجمان کسٹم کے مطابق ڈائریکٹوریٹ نے مقدمہ میں چار افراد کو گرفتار کرکے عدالت سے پانچ روزہ ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔