ڈپٹی اسپیکرنے چیف سیکرٹری ،آئی جی پولیس،سیکرٹری داخلہ کوامن وامان اورسیلاب سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پراراکین اسمبلی کوبریفنگ دینے کیلئے طلب کرلیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے صوبے میں امن وامان کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری داخلہ کو امن و امان اور سیلاب سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر اراکین اسمبلی کو بریفنگ دینے کیلئے آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا،بلوچستان کمرشل کورٹس کا مسودہ قانون متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ پیر کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے ڈپٹی بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا۔ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری داخلہ کو امن و امان اور سیلاب سے متعلق پہنچائے گئے اقدامات پر اراکین اسمبلی کو بریفنگ دینے کیلئے آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔۔ اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے جمعیت کے رکن اصغر علی ترین نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے حالات سنگین ہیں اسسٹمنٹ کمیٹی میں بہت سے علاقے اور لوگ رجسٹرڈ ہونے سے رہ گئے ہیں انہیں دوبارہ درخواست دینے کا موقع فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو اسمبلی کی جانب سے محافظ فراہم کئے گئے تھے وہ اب واپس لے لئے گئے ہیں اس کا متبادل حل تلاش کیا جائے۔جمعیت علماء اسلام کے رکن حاجی نواز کاکڑنے کہاکہ ضلع قلعہ عبداللہ میں 5سوسے زائد بجلی کے کھمبے گرے ہیں جبکہ 33میں سے 4سے5فیڈر چل رہے ہیں باقی فیڈرز کوبحال کیا جاء جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دی کہ اراکین اسمبلی آئندہ اجلاس سے قبل چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں اپنے مسائل اجاگر کریں۔انہوں نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ بھی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کریں۔بعد ازاں پارلیمانی سیکرٹری ماہ جبین شیران نے ایوان میں بلوچستان کمرشل کورٹس کامسودہ قانون مصدرہ2022پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپردکردیا گیااور ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس 20اکتوبر کی سہ پہر تین بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔