ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔وفاقی تحقیقاتی ادارے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گزشتہ ہفتے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 18 اکتوبر تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرکے انہیں متعلقہ عدالت میں رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالتی احکامات کی ہی روشنی میں عمران خان نے اسلام آباد میں اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں ضمانت کے لئے درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرے خلاف بدنیتی سے مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر کے متن سے واضح ہے میں بے قصور ہوں، اس لئے میری ضمانت منظور کی جائے۔عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس میں منی لانڈرنگ وغیرہ کےکوئی الزامات نہیں ہیں، دائرہ اختیار کامعاملہ ابھی ہائی کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے۔

عدالت نے عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اپنے دائرہ اختیار کے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلئے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے