عوام نے پیپلزپارٹی پراعتمادکرکے پی ٹی آئی اورانکے کے بیانیہ کوعبرتناک شکست دی، پیپلزپارٹی بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی ودیگر عہدیداروں نے ملتان اور ملیر کے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی پر پارٹی قیادت اور کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان اور ملیر سے امیدواروں کی کامیابی پاکستان پیپلزپارٹی کے سیاسی بیانیے اور بلاول بھٹو کی جدوجہد کی کامیابی ہے،سندھ کو فتح کرنے کا خواب دیکھنے والے سیاسی شعبدہ گروں کو ضمنی انتخابات میں ملیر کے عوام نے خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کرکے پی ٹی آئی اور انکے کے بیانیہ کو عبرتناک شکست دے دی، ملیر اور ملتان کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی سے عیاں ہوگیا کہ بلاول بھٹو اس ملک کے روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملتان اور ملیر کی عوام کا پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرنے پر تہہ دل سے شکر گذار ہیں ملیر اور ملتان کے جیالوں کو خصوصی مبارکباد، جنہوں نے پارٹی امیدواران کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کی ملیر سے نومنتخب ایم این اے عبدالحکیم بلوچ اور ملتان سے کامیاب پارٹی امیدوار علی موسی گیلانی کو بھی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ علی موسی گیلانی اور عبدالحکیم بلوچ اپنے اپنے حلقوں کی عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔