ریکوڈک منصوبہ پر کام کے آغاز سے اس خطے میں لوگوں کو روزگار،کاروبار و دیگر شعبوں میں نمایاں فوائد کے حصول میں آسانی ہوگی،مارک برسٹو

نوکنڈی(ڈیلی گرین گوادر)چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)بیرک گولڈ کارپوریشن مارک بریسٹو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پر کام کے آغاز سے اس خطے میں لوگوں کو روزگار،کاروبار و دیگر شعبوں میں نمایاں فوائد کے حصول میں آسانی ہوگی،بیرک گولڈ ریکوڈک سے ملحقہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی معیار زندگی بلند کرنے میں بھرپور کردار ادا کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوکنڈی میں بیرک گولڈ کارپوریشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مارک بریسٹو نے کہا کہ اس منصوبے میں بیرک گولڈ پچاس فیصد شیئرز کا مالک ہوگا لیکن اسکے باوجود سی ایس آر فنڈز اور رائلٹی فنڈز میں ضلع چاغی اور بلخصوص نوکنڈی میں ترقی میں کردار ادا کرینگے یہاں کے طلباء کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت روزگار اور کاروبار کے مواقع پہلی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی ترقی کیلئے کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائیگی جس میں قبائلی عمائدین،منتخب نمائندگان،لیبرز،نوجوان،دو بیرک گولڈ اور دو حکومت بلوچستان کے نمائندگان شامل ہونگے جنکی سفارشات پر علاقے میں سوشل ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرک گولڈ کارپوریشن،حکومت پاکستان اور بلوچستان اس منصوبے کو کامیابی کی جانب گامزن نہیں کرسکتے جب تک مقامی لوگوں کی تعاون حاصل نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک میں بلوچستان کے عوام کو براہ راست سرمایہ کا ری کی دعوت دی جائیگی تاکہ اس منصوبے کو تمام بلوچستان کے عوام اپنی خوشحالی اور ترقی سے منسوب کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان بغیر سرمایہ کاری کے 25 فیصد شیئرز کے ساتھ شراکت دار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں جو غلطیاں کی گئی ہے انکو اب نہیں دھرایا جائیگا بلکہ کمیونٹی کو ساتھ لیکر پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے محنت کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ 2010 میں جو فزیبیلٹی رپورٹ بنائی گئی تھی اب اس کو نئے سرے سے اپڈیٹ کرکے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے وسیع پیمانے پر نئے آئیڈیاز کو شامل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ کمیونٹی کی ترقی کیلئے پہلے سال پانچ ملین ڈالرز،دوسرے سال 7.5ملین ڈالرز اور سالانہ دس ملین ڈالرز خرچ کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر مراحلہ وار کام کا آغاز ہوگا جس میں پہلے فیز میں چار ارب اور دوسرے فیز میں تین ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔انہوں نے کہا ریکوڈک منصوبہ پر مائننگ دنیا کی پانچواں بڑی مائننگ ہوگی جس کیلئے ہمارے پاس تجربہ کار لوگ اور مطلوبہ وسائل موجود ہیں لیکن اسکے باوجود مقامی لوگوں کو اس قابل بنایا جائیگا تاکہ وہ خود اس مائننگ کو چلا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مائننگ کی عمر چالیس سال ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مراحلے میں ہمیں تعمیرات و دیگر شعبوں کیلئے سات ہزار افراد کی ضرورت ہوگی جبکہ کمپنی میں مکمل کام شروع ہونے کیساتھ یہ تعداد گٹتا ہوا چار ہزار مستقل ملازمین تک محدود ہوگا جنکی ریٹائرمنٹ کے بعد مزید لوگوں کو روزگار دینگے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ 2028 تک ریکوڈک منصوبے پر مکمل کام کا آغاز ہو اور اس خطے کے لوگ اس پراجیکٹ کی ثمرات سے براہ راست فائدہ اٹھا کر ترقی کی منازل طے کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً کمیونٹی کیساتھ میٹنگز منعقد کرکے رابطے کو تیز کیا جائیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے