وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے مارک بریسٹو کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن کے سی ای او مارک بریسٹو کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ ہفتہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے مارک بریسٹو کے اعزاز میں دئے گئے ظہرانے میں قائم مقام سپیکر، صوبائی وزراء،اراکین صوبائی اسمبلی اوربلو چستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈوکیٹ نے بھی ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے اظہار خیال کر تے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کا گیٹ وے ثابت ہوگااراکین صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے خصوصی ان کیمرہ سیشن کا اہتمام کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ بیرک گولڈ کارپوریشن کے سی ای او مارک بریسٹو سے ارکان اسمبلی کی بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کیاگیا ہے صوبے کے ایک کروڑ 20لاکھ عوام کے منتخب نمائندوں کو ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے براہ راست اعتماد میں لیاگیا ہے تاکہ ان کے ذہنوں میں کوئی ابہام نہ رہے۔ اس موقع پر گفتگوکر تے ہوئے مسٹر مارک بریسٹونے کہا کہ بلوچستان کے منتخب نمائندوں سے براہ راست ملاقات پر خوشی ہے منصوبے کے حوالے سے عوامی نمائندوں کو معلومات فراہم کرنے کا موقع دینے پر وزیراعلیٰ کے شکرگذار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان اوربلوچستان کا قومی اورقیمتی اثاثہ ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کا فائدہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام تک پہچایا جائے،ہم چاغی اور ریکوڈک میں تعلیم، پینے کے پانی، صحت، ووکیشنل ٹریننگ اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ مسٹر مارک بریسٹونے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کان کنی کے شعبہ میں ٹیکنیکل ٹریننگ کے ذریعہ ہنر مند بناکر روزگار فراہم کیا جائے گاآئندہ آنے والے سالوں میں بلوچستان کے نوجوان ہی ریکوڈک منصوبے میں ایگزیکٹو کی حیثیت سے بھی کام کرسکیں گے۔ مسٹر مارک بریسٹو کی جانب سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے سوالوں کے تفصیلی جوابات بھی دئے گئے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ا ور اراکین اسمبلی نے ریکوڈک معاہدے پر وزیراعلیٰ کے موثر کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے