نشتر اسپتال ملتان میں انسانیت کی تذلیل، سرد خانے کی چھت سے درجنوں لاشیں ملنے کا انکشاف
ملتان(ڈیلی گرین گوادر)ملتان کے نشتر اسپتال کی چھت سے درجنوں لاوارث لاشیں ملنے کے واقعے نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ نشتر اسپتال کی چھت پر بنے کمرے میں درجنوں لاشیں گل سڑ رہی ہیں۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کے مطابق نشتر اسپتال کی چھت سے سیکڑوں کی تعداد میں انسانی لاشوں کے اعضا برآمد ہوئے ہیں تاہم تعداد کے حوالے سے حکومتی سطح پر کسی قسم کی تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشیں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے، ذمہ دار عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔