اسرائیلی فورسز کی دہشتگردی میں ڈاکٹر سمیت 2 فلسطینی شہید
یروشلم(ڈیلی گرین گوادر)اسرائیلی فورسز کی دہشتگردی میں ڈاکٹر سمیت 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں کارروائی کے دوران ڈاکٹر سمیت دو فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 40 سالہ ڈاکٹر عبداللہ الاحمد کو سرکاری اسپتال کے باہر سر میں گولی ماری گئی جبکہ دوسرے شہید کی شناخت 20 سالہ متین دابایا کے نام سے کی گئی ہے۔
دونوں افراد کی شہادت جمعہ کی صبح جنین میں اسرائیلی فورس کے چھاپے کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد ہوئیں جس میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مارے گئے فلسطینیوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔رواں سال کے آغاز سے ابتک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 160 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔