نیشنل گرڈ میں خرابی، کراچی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن حبکو جامشورو ٹرانسمیشن لائن کی ٹرپنگ کی وجہ سے ہوا، جس کے باعث کے الیکٹرک کے تمام فیڈرز بند ہوگئے ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ واپڈا سے کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس کے باعث پورے شہر کو بجلی کی سپلائی بندہوگئی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بجلی کی عدم فراہمی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی بندش کی وجوہات کی تحقیقات کے ساتھ ٹیمز بحالی کے لئے متحرک ہیں جبکہ صارفین مزید رہنمائی کے لئے کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے تاہم بحالی میں اندازاً 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔کراچی کے جو علاقے بجلی سے محروم ہیں ان میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشنِ اقبال، بہادرآباد، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، محمود آباد، اعظم بستی، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد، نشتر روڈ اور اطراف کے علاقے شامل ہیں۔
دوسری جانب حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہونے پر ترجمان حیسکو کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی بحال ہونے سے متعلق این ٹی ڈی سی حکام سے رابطے کررہے ہیں۔فوری طور پر بجلی کی بحالی کا ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔وزرات توانائی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے جس سے متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہو رہے ہیں،وزارت توانائی نے کہا کہ اپنی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کررہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائےگا۔
واضح رہے کہ میرپور، منگلا پاور ہاؤس میں تکنیکی خرابی جبکہ کوٹلی ریجن بھی بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔