ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی کے باعث بلوچستان کے 28اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی کے باعث بلوچستان کے 28اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی معمولات زندگی بری طرح متاثر۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی کے باعث صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 28اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں معمولات بری طرح اورنظام زندگی مفلو ہوگیا۔ ترجمان کیسکو کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث بلوچستان کو بجلی سپلائی کرنے والی 220کے وی کی گڈو،اوچ،سبی،220کے وی دادو خضدار اور 220کے وی ڈیرہ غازی خان لورالائی ٹرانسمیشن لائنوں سے صوبے کے 28اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جسکی وجہ سے صوبہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بریک ڈاؤن سے ایران سے بجلی حاصل کرنے والے مکران ڈویژن کے تین اور کے الیکٹرک سے بجلی حاصل کرنے والا ضلع لسبیلہ متاثرنہیں ہوئے۔ترجمان نے بتایا کہ تکنیکی خرابی کے دور ہونے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار بجلی کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا جو جمعرات کی شب مکمل ہوگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے