لانگ مارچ کی کال،حکومت کی عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے اعلانات کرکے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
عمران خان کے خلاف درخواست وفاقی حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ نے دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پر امن احتجاج کی اجازت دی تھی جب کہ عمران خان ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلانات کر رہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ عمران خان کو احتجاج اور دھرنے کے حوالے اپنے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائے۔