ایمرجنسی آپریشن سینٹربلوچستان پولیوکاخاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہے ہمیں میڈیاکے تعاون کی ضرورت ہے،سید زاہد شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ایمرجنسی آپریشن سینٹربلوچستان کے کوارڈی نیٹرسیدزاہدشاہ نے کہا ہے کہ میڈیاریاست کاچوتھاستون ہے لوگوں کے بنیادی مسائل اورمعاشرے کی اصلاح کیلئے صحافی پل کاکرداراداکرتے ہیں، بلوچستان کے صحافیوں نے مشکل میں بھی اپنی ذمہ داریاں بہترطریقے سے سرانجام دیئے ہیں، ایمرجنسی آپریشن سینٹربلوچستان پولیوکاخاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہے ہمیں میڈیاکے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ہماراصوبہ اس سے محفوظ ہوسکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان کے مختلف ٹی وی چینلزکے بیوروچیف اوراخبارات کے مدیران کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پرڈبلیوایچ او، یونیسیف، بل اینڈملنڈاگیٹس فاؤنڈیشن ودیگرتنظیموں کے نمائندے بھی موجودتھے۔ایمرجنسی آپریشن سینٹربلوچستان کے کوارڈی نیٹرسیدزاہدشاہ نے مزیدکہا کہ بلوچستان میں جنوری 2021کے بعداب تک پولیو کاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوااورہم اس کو قابوکرنے میں کسی حد تک کامیاب ہوئے ہیں مگرخطرہ ابھی تک ٹلانہیں ہے کیونکہ ہمسایہ ملک افغانستان میں وائرس کی موجودگی کی وجہ سے پولیوکے کیسزرپورٹ ہورہے ہیں جوبلوچستان کیلئے باعث تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اوپارٹنرآرگنائزیشن کی مشترکہ کاوشوں سے بلوچستان میں انکاری والدین کی تعدادمیں کافی حد تک کمی آئی ہے، انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران پولیووکرگھرگھرجاکربچوں کو قطرے پلارہے ہیں جوکہ ہماراقومی فریضہ ہے انسدادپولیو مہم کے دوران 2012 سے 2022تک فرائض کی انجام دہی کے دوران 10 پولیوورکراور ان کی سیکورٹی پرمامور21اہلکاربھی شہیدہوئے جبکہ اس دوران 33اہلکارزخمی ہوئے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ ہمیں چیلنجزکاسامناہے مگرہم سب مل کر معاشرے کوپولیوسے پاک کرسکتے ہیں، پولیوویکسین اورحفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق سوشل میڈیاپرچلنے والے غیر مصدقہ اورمنفی معلومات کی روک تھام کویقینی بنانے کیلئے میڈیابہتررول اداکرسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ جن بچوں کی قوت مدافعت بہترہووہ پولیوسمیت دیگرامراض کامقابلہ کرسکتے ہیں اس ضمن میں حافاظتی ٹیکہ جات مہم بھی جاری ہے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمربھرکی معذوری ودیگر امراض سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات ضرور لگوائیں، اس ضمن میں لوگوں میں شعوروآگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے جس میں میڈیاکیساتھ ساتھ علماء اورمعاشرے کے تمام مکاتب فکر ہمارے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہرسال پولیوکاعالمی 24اکتوبرکومنایاجاتا ہے، ورلڈپولیوڈے کے دن بلوچستان کے پانچ ہائی رسک اضلاع میں سات روزہ جبکہ دیگراضلاع میں پانچ روزہ مہم چلائی جائے گی جس میں 17لاکھ سے زائد بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے۔