وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور مدد دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی حکومت نے صوبہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں بالعموم اور سوات میں بالخصوص ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی کے واقعات کو مکمل کنٹرول کرنے کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس میں تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا معاملہ بھی زیرغور آیا جب کہ کمیٹی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسٹیئرنگ کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف سوات کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور مدد دے گی۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے نمائندوں کی عدم شرکت پر شرکا نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپورمدد دی جائے گی۔

اسٹیئرنگ کمیٹی نے منعقدہ اجلاس میں واضح طور پر کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں امن عامہ کو یقینی بنائے اور وفاق سے تعاون کرے۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں انتہا پسندی و دہشت گردی فروغ پا رہی ہے لیکن صوبائی حکومت وفاق کے خلاف دھرنوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے