سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے لندن میں چوہدری نعیم کی ملاقات،ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد و سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے لندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نعیم نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کو فعال بنانے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے دوران بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کو فعال بنانے اورآنے والے عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی اور سیلاب سے متاثرین کی امداداور بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے مسلم لیگ(ن) متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ آنے والا دور پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ہی ہے اور مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔