وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے،وزیر داخلہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وفاق پرچڑھائی کےغیرقانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے، کسی سیاسی جماعت ، گروہ یا مسلحہ جتھے کو وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ریاست کو کسی گروہ یا مسلح جتھے کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور امن و امان کے حوالے سے وزارت داخلہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز سمیت دیگر تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پی ٹی ائی کے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور ر خوص کیا گیا جب کہ شرکا نے وفاق پرممکنہ حملے کی صورت میں آئین و قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اس موقع پر کہا کہ وفاق اور اس کی اکائیاں مل کر ایسے کسی بھی غیر آئینی اقدامات کو روکنے کی پیش بندی کریں گی، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور ایسی کسی بھی روایت کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے اجلاس میں شریک چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام کا حصہ نہ بنے، کسی بھی جارحیت کے خلاف ریاست کو تحفظ فراہم کرنا سرکاری ملازمین کا فریضہ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے شرکائے اجلاس سے کہا کہ جو سرکاری ملازمین 25 مئی کے لانگ مارچ میں شریک ہوئے ان پر وفاق کو گہری تشویش ہے۔