وفاقی کابينہ نے ممکنہ لانگ مارچ کے لئے وزارت داخلہ کی 41 کروڑ روپے فنڈز کی سمری منظور کر لی
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی کابينہ نے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے وزارت داخلہ کی 41 کروڑ روپے فنڈز کی سمری منظور کر لی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں معاشی و سیاسی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے توانائی کے شعبے میں بچت کے لئے انرجی کنزرویشن پلان کی منظوری دے دی۔کابينہ نے وزارت داخلہ کی 41 کروڑ روپے فنڈز کی سمری منظور کر لی، فنڈز ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے میں امن و امان برقرار رکھنے پر خرچ ہوں گے۔وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی بھی مذمت کی۔کابینہ کے اجلاس میں آڈیوز لیکس اور سیاسی امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران سائفر گمشدگی اور مبینہ آڈیو لیکس سے متعلق جاری تحقیقات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے وزراء سے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت کی۔