فوج اورمقامی قبائل علاقے کے امن اورترقی کا سفرجاری رکھیں گے،لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے پائیدار امن و استحکام لازم ہے،قبائلی عما ئدین علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں،فوج اور مقامی قبائل علاقے کے امن اور ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو دورہ ہرنائی کے موقع پر قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ میجر جنرل چودھری امیر اجمل بھی موجود تھے۔ کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے قبائلی عمائدین سے علاقے کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر قبائلی و سیاسی اکابرین، ہرنائی انتظامیہ کے افسران اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا کہ علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے پائیدار امن و استحکام لازم ہے ہم اس ضمن میں کافی کامیابیاں حاصل کر چکے تاہم ابھی بہت کام کرنا باقی ہے اس بابت فوج اور ایف سی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم باہمی تعاون سے ہمیں ان قوتوں کا مقابلہ کرنا ہے جو ہماری اگلی نسل کی کامیابی کے لئے ہمارے اقدامات کو خراب کرنے کے لئے تخریب کاری کے مواقع تلاش کرتے رہتے ہیں۔ حاضرین نے امن وامان کو براقرار رکھنے اور بدامنی کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی پر بات چیت کی جبکہ کور کمانڈر نے مشران پر زور دیا کہ علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔عمائدین نے کور کمانڈر کو امن و امان قائم رکھنے کے لئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے