جوڈیشل مجسٹریٹ خضدارکی عدالت سے نائب تحصیلدارسمیت دیگردوافراد کو ایک ایک سال کی سزا
خضدار(ڈیلی گرین گوادر) جوڈیشل مجسٹریٹ خضدار کی عدالت سے نائب تحصیلدار سمیت دیگردو افراد کو ایک ایک سال کی سزا،سزا پانے والے افراد پردھوکہ دہی سے زمین حاصل کرنے اور غلط دستاویزات جاری کرنے کا الزام ثابت ہوا، احاطہ عدالت سے زیر حراست،تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ خضدار کی عدالت سے سابق پٹواری اورحال نائب تحصیلدارغلام حیدر ولد کرم خان سمیت دیگر دو افراد خان محمد ولد محمد یوسف اور غوث بخش ولدبادین کو 420،468،471اور34 دفعات کے تحت ایک ایک سال سزا اور پانچ پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ایف آئی آر نمبر 78/2020کے تحت کیس جوڈیشل مجسٹریٹ میں زیرِ سماعت تھا۔خضدار کے شہری بلال احمد راہی نے اپنی زمین دھوکہ دہی سے قبضہ کرنے اور بوگس کھتونی جاری کرنے پر عدالت میں کیس دائر کیا تھا جس میں دھوکہ دہی اور فراڈ کے دفعات شامل کیئے گئے تھے دو سال تک کیس زیر ِ سماعت رہنے کے بعد آج اس کا معزز عدالت نے فیصلہ سنادیا۔اور تینوں افراد کو عدالت کے احاطہ سے پولیس نے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔ مدعی علیہ کی طرف سے کیس کی پیروی ایڈوکیٹ محمد اسحاق نے کی ان کا کہنا تھاکہ جوڈیشل مجسٹریٹ خضدارکی عدالت سے میرے موکل کو جو کامیابی ملی ہے وہ حق و سچ پر مبنی ہے اور آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔۔