فواد چوہدری کے پختونوں سے متعلق بیان پرسینیٹرمنظور کاکڑ کا سینیٹ سے واک آوٹ
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے پختونوں سے متعلق دیے گئے نازیبا بیان پر سینیٹر منظور کاکڑ احتجاجاً سینیٹ سے واک آوٹ کر گئے۔سینیٹ کے اجلاس کے دوران منظور کاکڑ کے ہمراہ پی ٹی آئی کے اکثر سینیٹرز اور اپوزیشن سینیٹرز بھی واک آوٹ کر گئے۔
سینیٹر منظور کاکڑ نے فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پختون کی اس طرح تذلیل کرنا قابل مذمت ہے، فواد چوہدری پختونوں سے متعلق بیان پر معافی مانگیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ فواد چوہدری جس جماعت میں ہیں، اس میں بہت بڑی تعداد میں پشتون بھی ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیڑ اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کو پختونوں سے متعلق ایسا فقرہ ادا نہیں کرنا چاہیےتھا۔انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کے بیان پر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو اس پر معذرت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے ایک آن ایئر شو میں تہذیب کا دامن ہاتھ سے چھوڑتے ہوئے پٹھان قوم کے بارے میں انتہائی نازیبا تبصرہ کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ’بشیر میمن نے خان کے ساتھ باتھ روم میں جانے کا بڑا رسک لیا‘۔